کراچی (اسٹاف رپورٹر) محبت انسان کا بنیادی و فطری جذبہ ہے جس کا اقرار و اظہار زندگی کو طمانیت وسکون بخشتا ہے اور انسان کو بندگی کے احساس سے روشناس کراتا ہے مگر محبت کو محض صنف مخالف کیلئے محدود کرکے اس کے اظہار کیلئے سال میں محض ایک دن کی مخصوصیت محبت جیسے عظیم ‘ لافانی و بے مثال رشتے کی توہین ہے۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کی جانب سے ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار بعنوان ”’اظہار محبت اور ویلنٹائن ڈے “ سے خطاب کرتے ہوئے این جی پی ایف کے سرپرست و ایم آر پی سربراہ امیر پٹی ‘ چیئرمین عمران چنگیزی ‘ وائس چیئرمین فیصل خان ‘ صدر عقیلہ غوری ‘ جنرل سیکریٹری حاجی امیر علی خواجہ و دیگر نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے اگر اظہار محبت کا دن ہے تو پھر اسے صرف صنف نازک تک محدود کرنے کی بجائے اس دن کا آغاز اپنے اعمال میں درستگی کے عہد کے ساتھ رب سے اپنی محبت کی تجدید سے کرنا چاہئے۔
پھر اس دن کو درجہ بدرجہ والدین ‘ بہن بھائیوں ‘ پڑوسیوں ‘ رشتہ داروں ‘ احباب سے اپنے سلوک کی اصلاح اور راستگی کا پیمان کرکے ان سے اس کا اظہار کرنا چاہئے اور پاکستانیوں کو بالخصوص ویلنٹائن ڈے کواپنے ان محافظوں سے اظہار محبت کیلئے مخصوص کرنا چاہئے جو قوم کو دہشتگردی سے نجات دلاکر امن و تحفظ کی فراہمی اور سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا سب کچھ وار نے کے عزم کے ساتھ دیانتداری سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ہمارے محفوظ ”کل “ کیلئے اپنا ”آج “ قربان کررہے ہیں۔