کروڑ لعل عیسن کی خبریں 09/02/2015

General Bus Stand

General Bus Stand

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) جنرل بس اسٹینڈ کروڑ میں بھتہ مافیا کا قبضہ، پارکنگ فیس لیہ اور بھکر کی نسبت ڈبل لی جا رہی ہے، دوسری جانے مسافر خانہ میں صفائی کا ناقص انتظام جبکہ مسافر خانہ میں موجود 2 بیت الخلاء میں سے ایک کو تالا لگا کر بند کر دیا گیا، ٹرانسپورٹ مالکان اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا، اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔ ڈرائیور حضرات ، ویگن مالکان و مسافروں کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ کروڑ میں پارکنگ فیس ڈبل کر کے ویگن والوں سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔ لیہ اور بھکر میں پارکنگ فیس 10 روپے جبکہ کروڑ میں پارکنگ فیس 20 روپے لی جا رہی ہے جو کہ کھلم کھلا ناانصافی ہے۔ دوسری جانب مسافر خانہ میں صفائی کے ناقص انتظام خصوصاً 2 میں سے ایک بیت الخلاء کو تالا لگا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں ، ٹرانسپورٹ مالکان اور ڈرائیور حضرات اور خاص طور پر بچوں اور لیڈیز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ویگن مالکان ، ڈرائیورز اور مسافروں نے اعلیٰ حکام سے فی الفور نوٹس لینے کا طالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) گزشتہ سال سے تحصیلدار اپنے دفاتر سے غائب، کبھی کبھار دفاتر میں حاضری۔ ڈاک ، رجسٹریاں ، انتقالات رہائش گاہوں پر مکمل کی جانے لگیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ رجسٹری کیلئے آنے والے سائلین دن بھر انتظار کے بعد تھک ہار کر دلالوں کی تلاش کرنے کے بعد رشوت دے کر کوٹھی پر یا اے سی آفس میں سٹینوں کے کمرہ میں بیٹھ کر رجسٹر سمیت دیگر ڈاک پاس کر دی جاتی ہے۔ تفصیل کے مطابق تحصیل آفس کروڑ میں تحصیلدار محال آفس کی ایک اور نائب تحصیلداروں کی تین سیٹوں پر اس وقت تحصیلدار محال اور ایک نائب تحصیلدار موجود ہیں۔ لیکن دونوں بااثر شخصیات کے عزیز ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اور دونوں افسران نے روٹین بنا لی ہے کہ دفاتر میں 12 بجے سے پہلے کبھی نہیں آنا۔ اور اکثر بغیر چھٹی کے چھٹی پر رہتے ہیں۔ جس کی وجہ سے دفاتر ویران ہو چکے ہیں۔ رجسٹری ، انتقالات کیلئے آنے والے افراد کو پورا دن انتظار کروایا جاتا ہے۔ اور بالآخر سائلین تھک ہار اور دن بھر انتظار کے بعد تحصیل آفس کے اندر اور بار بیٹھے دلالوں کو تلاش کر کے انہیں رشوت دیتے ہیں۔ اور پھر ان افراد کی رجسٹری یا انتقال کاٹھی پر یا اے سی آفس کے سٹینوں کے کمرہ میں بیٹھ کر پاس کر دی جاتی ہے۔ کروڑ لعل عیسن کے عوامی سماجی اور شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، کمشنر ڈی جی خان ، ڈی سی او لیہ سے فی الفور اس معاملے کی انکوائری کروا کر تحصیلدار کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) ویگنوں کے ساتھ ساتھ لانگ روٹ پر چلنے والی بسوں کے کرائے بھی کم کیئے جائیں۔ انتظامیہ کی جانب سے صرف نان اے سی بسوں کے کرائے نامے آویزاں کیئے گئے ہیں۔ جبکہ اے سی بسوں ، یورو گاڑیوں اور اے پی وی مالکان بدستور زائد کرائے وصول کر رہے ہیں۔ یہ بات مرکزی انجمن تاجران کروڑ کے سابق صدر طارق پہاڑ نے ڈی سی او لیہ اور سیکریٹری آر ٹی اے سے مطالبے میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیکریٹری آر ٹی اے اور اسسٹنٹ کمشنر کروڑ تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومتی ہدایت پر سارا دن انڈر ڈسٹرکٹ روٹ پر چلنے والی ویگنوں پر لگا کر خانہ پوری کر رہے ہیں۔ جبکہ لانگ روٹس یہاں سے ملتان، فیصل آباد ، ڈی جی خان ، لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں کیلئے چلنے والی اے سی اور نان اے سی بسوں کی جانب سے بدستور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جارہی۔ اور بس اسٹینڈ پر صرف نان اے سی بسوں کے کرائے نامے آویزاں کیئے گئے ہیں۔ جن کے مطابق کروڑ تا ملتان 185 روپے ، کروڑ تا جھنگ 185 روپے ، کروڑ تا ڈی جی خان 185 روپے ، کروڑ تا راولپنڈی 440 روپے ، کروڑ تا لاہور 400 روپے ، کروڑ تا فیصل آباد 206 روپے ، کروڑ تا کراچی 830 روپے ، کروڑ تا بھکر 50 روپے اور کروڑ تا لیہ 28 روپے مقرر ہے لیکن بس مالکان بدستور زائد کرائے وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورو گاڑیاں اور اے سی بس مالکان کروڑ تا بھکر 80 ، کروڑ تا لیہ 40 ، کروڑ تا ڈی جی خان 350 ، کروڑ تا ملتان 350 کروڑ تا راولپنڈی اور لاہور 600 ، کروڑ تا فیصل آباد 450 سے 500 اور کروڑ تا کراچی 1400 روپے وصول کر رہے ہیں۔ جو کہ بہت بڑی زیادتی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔