پرویز مشرف نااہلی کیس، اپیل میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت کا کہنا ہے سماعت کے لئے لارجر بنچ بنانے سے متعلق استدعا پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے۔ اپیل کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل نے دلائل دیتے ہوئے کہا آئین میں تاحیات نااہلی کی شق کہیں موجود نہیں۔

پشاور ہائی کورٹ نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا اور تاحیات نااہلی کا فیصلہ دیا۔سپریم کورٹ نواز شریف کیس میں قرار دے چکی ہے کہ کسی کو تاحیات نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ہائی کورٹ نے غداری کیس کو بنیاد بنا کر پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا۔قمر افضل نے کہا کہ ابھی تو پرویز مشرف کا ٹرائل اور تحقیقات ہونی ہے۔

اس کے بعد آرٹیکل چھ کا ٹرائل ہو گا۔جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا اگر سپریم کورٹ اپیل منظور کر بھی لے تو پرویز مشرف کے کس کام آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپیل کی سماعت کے لئے لارجر بنچ بنانے سے متعلق استدعا پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے،کیس کی سماعت عید کے بعد ہو گی۔