لاہور(جیوڈیسک)مسلح افواج کے سابق سربراہ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ منظم سازش کے تحت بعض قوتیں انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پرویز مشرف کو ٹارگٹ کرنے کا عمل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ذرائع سے گفتگو کرتیہوئے سابق آرمی چیف اسلم بیگ کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات مشکوک بنانے کی کوشش ہوئی توفوج کو اپنے کردارکی ادائیگی سے نہیں روکا جاسکے گا۔ انتخابات ہونگے لیکن اس پر اثرانداز ہونے والے نہیں بچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو آئین اور قانون کو فالو کرنا پڑے گا لیکن ان کی تذلیل اورتضحیک نہیں ہونی چاہیے ۔ پرویز مشرف کی تذلیل اس ایجنڈا کا حصہ ہے جس کے تحت انتخابات ملتوی کرانا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر عدالت کی اجازت سے حسین حقانی ملک سے جاسکتے ہیں تو جنرل مشرف کیوں نہیں جا سکتے۔
اسلم بیگ نے نگران حکومت کو بھی زرداری حکومت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے نظریاتی تشخص کے درپے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ یہ کہے کہ الیکشن میں مذہب کو نہ گھسیٹا جائے یہ سراسر نظریہ پاکستان کی توہین ہے۔
اسلم بیگ نے مطالبہ کیا کہ نگرانوں کی نگرانی بھی ہونی چاہیے۔ نجم سیٹھی کے تقرر میں نوازشریف کو بھی بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔