اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو فیئر ٹرائل کا موقع دیا جائے گا۔ اسلام آباد سپریم کورٹ میں پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
پرویز مشرف کے وکیل ابراہیم ستی نے کہا کہ کل تو عدالت نے کہا تھا کہ فیصلہ محفوظ ہو گیا ہے جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ گزشتہ روز کی کارروائی پر آرڈر نہیں لکھوایا تھا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت پرویز مشرف کو فیئر ٹرائل کا موقع دیا جائیگا۔
پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل نے عدالت کو بتایا کہ حکومتی جواب آنے کے بعد اس کیس کی سماعت کو آگے بڑھانے کا جواز ختم ہو چکا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ انہیں نہ بتائیں کہ عدالت کو کیا کرنا ہے۔ مقدمے کی سماعت تین جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔