جنرل کیانی کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ، سیاسی رہنمائوں کا خیر مقدم

 Political Leaders

Political Leaders

ملک بھر کے سیاسی رہنمائوں نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

ملک کے سیاسی رہنمائوں نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے انتیس نومبر کو ریٹارمنٹ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، متحدہ قومی موومنٹ ،جماعت اسلامی اور عوامی نیشل پارٹی نے جنرل کیانی کے فیصلے کو دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے۔

اےا ین پی کے رہنما اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ جنرل کیانی کے اس فیصلے سے ملک میں اچھی روایت جنم لے گی۔ مسلم لیگ ن کے ترجمان مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ جنرل کیانی نے ثابت کر دیا کہ فرد سے زیادہ اداروں کی اہمیت ہوتی ہے۔ جنرل کیانی کی جمہوری سوچ کو آج تمام سیاسی جماعتیں اور قوم قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہیں۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے اعلان کو مسلح افواج کی جانب سے ایک مثبت اورٹھوس روایت قائم کی ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا کہ آرمی چیف نے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرکے انتہائی دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔ تمام قومی اداروں کے سربراہوں کو ان کے اس مثبت اقدام کی پیروی کرنی چاہیے۔

امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر شیری رحمٰن نے کہا کہ آرمی چیف کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ابہام کی کیفیت ختم ہو گئی ہے۔ سابق گورنر لطیف کھوسہ نے کہا کہ آرمی چیف نے بہت مناسب فیصلہ کیا ہے۔