اسلام آباد(جیوڈیسک) اسلام آباد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں کی ریٹائرمنٹ میں تین دن باقی رہنے کے باجود اب تک نئے چیئرمین کا نام سامنے نہیں آیا۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل خالد شمیم 8 اکتوبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ جنرل خالد شمیم وائیں نے الوادعی ملاقاتوں اور دوروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اتنا بڑا عہدہ خالی ہونے کو ہے اور حکومت اب تک ان کی جگہ کسی کا انتخاب نہیں کرسکی، جتنے منہ اتنی باتیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ ملک کو جن خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے اس صورتحال میں ایسی شخصیت کی ضرورت ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی کو کم کرانے، افغانستان سے فوج کے انخلا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور خود ملک کے اندر جاری دہشت گردی کی لہر کو ختم کرنے میں اہم کرادار ادا کرے۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق پاکستان میں کمان کی تبدیلی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکی افواج کا انخلا شروع ہونے کو ہے اور اتحادی خصوصا امریکا پاکستان کی فوجی قیادت میں تسلسل چاہتا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ریٹائرمنٹ میں صرف تین دن رہ گئے،مبصرین کہتے ہیں کہ مسلح افواج کے کسی ادارے میں اعلی عہدے پر تعیناتی میں جتنی دیر کی جائے گی اس سے لا محالا چہ میگوئیاں جنم لیتی رہیں گی، حکومت کا اولین فرض بنتا ہے کہ کسی بھی خالی ہونے والے عہدے کو فوری طور پر پر کرے تاکہ افواہیں اور اندیشے جڑ نہ پکڑ سکیں۔