راولپنڈی (جیوڈیسک) دھرتی دہشتگردوں کے ناپاک قدموں سے پاک ہونے لگی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید 10 دہشتگردوں کی سزائے موت کے پروانے پر دستخط کر دئیے۔ یہ دہشتگرد بے گناہ شہریوں کے قتل، فوجی جوانوں کے گلے کاٹنے اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔
معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے قتل میں ملوث 10 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشتگرد بے گناہ شہریوں کے قتل، فوجی جوانوں کے گلے کاٹنے اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔
ان دہشتگردوں نے 41 افراد کو قتل اور 33 کو زخمی کیا۔ سزا پانے والوں میں سمیع الرحمان، ارشد بلال، محمد علیم، رسول محمد، سہیل احمد، نعمت اللہ، رحمت علی، انور علی، فضل علی اور عظیم خان شامل ہیں۔
10 دہشتگردوں کو سزائے موت کے علاوہ تین کو قید کی سزا بھی دی گئی ہے۔ تمام دہشتگردوں نے ٹرائل کورٹ میں مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جس کے بعد انہیں فوجی عدالتوں نے سزائے موت سنائی تھی۔