راولپنڈی (جیوڈیسک) نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج 16 ویں آرمی چیف کی حیثیت سے فوج کی باضابطہ کمان سنبھالیں گے، جس کے ساتھ فوج میں اعلی عہدوں پر تبدیلیوں کا اہم مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔
فوج کی کمان میں تبدیلی کی اہم تقریب 29 نومبر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہو گی، جس میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوج کی کمان جنرل قمرجاوید باجوہ کو سونپیں گے۔
فوج میں کمان کی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے پہلے جنرل راحیل شریف جنرل قمرباجوہ کو جی ایچ کیو میں بیجز لگائیں گے۔ جس کے بعد سبکدوش ہونے والے آرمی چیف اپنے جانشین کے ہمراہ تقریب میں پہنچیں گے ۔ جنرل راحیل شریف کو ان کی فرنٹئیر فورس رجمنٹ کا دستہ جبکہ جنرل قمر باجوہ کو ان کی بلوچ رجمنٹ کا دستہ سلامی پیش کرے گا۔
تقریب کے سب سے اہم لمحے میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوج کی کمان کی چھڑی اپنے جانشین جنرل قمر جاوید باجوہ کو سونپیں گے۔
تقریب میں کابینہ کےاراکین سمیت فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات بھی تقریب میں شریک ہوں گے ۔ غیر ملکی سفارتکاروں، ریٹائرڈ اعلیٰ فوجی حکام کو بھی تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔