لندن (جیوڈیسک) معروف برطانوی جریدے ’’اکنامسٹ‘‘ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی آرمی چیف جنرل راحیل شریف اسٹار بن کر عوام کے دلوں میں گھر کر رہے ہیں ان کی سب سے بڑی کامیابی پاک فوج کے وقار کو بحال کرنا اور اسے نئی شان و شوکت سے نوازنا ہے۔
خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے عہدے کی معیادمیں 3سال تک کی توسیع کردی جائے گی، اس حق میں بہت سی آوازیں اٹھ رہی ہیں جن میں پرویز مشرف کی آوازبھی شامل ہے۔برطانوی جریدے نے اپنی تازہ رپورٹ میں جنرل راحیل شریف کے عہدہ سنبھالنے سے لے کر اب تک کے تمام اقدامات اور اس کے دور رس نتائج کا جائزہ لیاہے۔
رپورٹ کے مطابق جنرل راحیل شریف کی قدرو منزلت پاکستانی عوام کی نظروں میں بڑھتی جا رہی ہے، لاہور کے ضمنی انتخابات سے متعلق پوسٹرز ہوں یا ساحلی شہر کراچی کے بل بورڈزہرجگہ جنرل راحیل شریف کی تصاویراپنی چمک دمک کے ساتھ آویزاں ہیں، کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب پاکستانی اخبارات کے صفحہ اول پر ان کی تصویر شائع نہ ہوتی ہو،رنگوں سے کھیلنے والے مصور ٹرکوں اوررکشوں پربھی ان کی تصاویر بنارہے ہیں۔