جنرل نشستوں پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدوار کامیاب

Harri Raam Kashori Lal

Harri Raam Kashori Lal

میاں چنوں (ساحل منیر) حالیہ عام انتخابات 2018ء میں مختلف سیاسی جماعتوں نے متناسب نمائندگی کے تحت مخصوص اقلیتی نشستوں پر اپنے امیدوار نامزد کرنے کے ساتھ ساتھ قومی و صوبائی اسمبلی کے چند جنرل حلقوں میں بھی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مہیش کمار ملانی نے این اے 222 تھرپارکر سے 106630ووٹ لے کر کامیابی حاصل کر لی۔اس حلقے سے ان کے مدِ مقابل سابق وزیرِ اعلی سندھ ارباب غلام رحیم،گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے ارباب ذکاء اللہ،تحریکِ لبیک پاکستان کے محمد رمضان اور آزاد خاتون امیدوار تلسی بالانی سمیت مجموعی طور پر 14امیدوار میدان میں اترے تھے۔

علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 81 جامشورو سے سابق صوبائی وزیر گیان چند ایسرانی34927 اور پی ایس47 میر پور خاص سے سابق صوبائی وزیر و سینیٹر ہری رام کشوری لعل33201 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ملک بھر کے اقلیتی حلقوں کی طرف سے جنرل نشستوں پر ان امیدواران کی کامیابی پر بھرپور مسرت کا اظہار کیا گیا ہے۔