کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماضی کی تمام نسلیں ملک سے کرپشن کے خطرات کو روکنے اور اس کی تدارک میں ناکام رہی ہیں اور نئی نسل اپنی مکمل طاقت سے اس برائی کا خاتمہ کرے گی، چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ بڑھتی ہوئی کرپشن اور رشوت کو روکنے کے لیے بنائے گئے تمام اداروں نے ان کا خاتمہ کرنے کی بجائے’’وائیٹ کالر‘‘ جرائم کا اضافہ کیا۔
اس مقصد کے لیے قائم کیے گئے نیب، ایف آئی اے، عدالتوں اور دیگر اداروں نے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں کیا جس کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں کرپشن بلا روک ٹوک بڑھتی رہی، انہوں نے کہا کہ نئی نسل اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ موجودہ احتسابی عمل کو سیاسی انتقام کے لیے مخصوص افراد کو نشانہ بنانے کے لیے آلات کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے شفاف اور غیرجانبدار طریقہ کار کی کمی نے قوم کو بڑا نقصان دیا ہے۔ بلاول نے کہا کہ اب وقت ہے کہ نئی نسل کرپشن کے خاتمے کے لیے مضبوط ادارے قائم کرے اور بیک وقت سب کے لیے معاملہ بہتر کرے، بلاول نے کہا کہ کسی کو ’’مقدس گائے‘‘ بنانے کے عمل نے احتساب کے اقدامات کو نقصان پہنچایا ہے اور مستقبل میں ایماندار اور موثر احتساب کے لیے کرپشن کے خاتمے میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں کسی کو بھی مقدس گائے نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پانامالیکس نے دنیا کے مختلف ممالک کو ہلا دیا ہے اور اس کے جھٹکے ہمارے ملک میں بھی محسوس کیے جارہے ہیں۔ رہنما پیپلز پارٹی قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ معاشی دہشتگردی کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ حکومت کو پتہ ہے کہ ہمارے ہاتھ صاف نہیں ہیں۔
حکومت کے ہاتھ صاف نہیں ہیں تو انہیں چاہئے آگے بڑھیں۔ بلاامتیاز احتساب پر کسی کو اختلاف نہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بیٹوں اور چودھری نثار نے اعتراف کر کے معاملے کو پیچیدہ بنایا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کرپشن کے خلاف بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ ہم سیاسی جماعتوں سے مل کر کوئی راستہ نکالنا چاہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ جمہوری نظام کو نقصان پہنچے۔ پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان نے بڑا جرم کیا۔ جواب دینے کی بجائے حکومتی ارکان حملے کر رہے ہیں۔ حکومت کے تمام ٹیکس، آمدنی ریکارڈ شفاف ہیں تو اثاثے ظاہر کر دیں۔
نواز شریف وزیراعظم ہیں اس لئے سب سے پہلے نواز شریف کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ جب معاملات شفاف ہو جائیں گے تو آرمی چیف سمیت کسی کو بھی بولنا نہیں پڑے گا۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کرپشن کے خاتمے اور بلا تفریق احتساب کے آرمی چیف کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور مدد گاروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے، عوام کی جان دہشتگردوں اور مال کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔
آپریشن ضرب عضب کی طرح کرپٹ عناصر کے خلاف ضرب غضب ناگزیر ہو گئی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف کا بیان قوم کے دل کی آواز ہے وزیر اعظم نواز شریف کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمشن کے قیام کا اعلان کریں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ آرمی چیف کا بیان بروقت اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے سیاستدان جمہوریت کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے کہا کہ آرمی چیف کا بیان خوش آئند ہے آرمی چیف نے سب کے احتساب کی درست بات کی ہے۔