لاہور (جیوڈیسک) جماعۃ الدعوۃ کے امیرحافظ سعید کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی کے سربراہ اور فوج پر حملہ پوری قوم پرحملے کے مترادف ہے، جیو اور جنگ انتظامیہ کو چاہئے کہ خود سزا کے لئے پیش کر دے۔
لاہور میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ سینئر صحافی حامد میر پر حملے کے بعد جیو نے پاکستان کے مفاد کی نہیں بلکہ بھارت کی نمائندگی کی اور فوج کو مجرم قرار دینے کے لئے گھنٹوں نشریات چلائی۔
انہوں نے کہا کہ فوج پر الزام تراشی کے پس منظر میں آزادی صحافت کی بات کرنا جہالت ہے اور تحقیقات کئے بغیر کسی پر الزام لگا دینا درست فعل نہیں۔ امیر جماعۃ الدعوۃ کا کہنا تھا کہ جیو اور جنگ انتظامیہ نے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ جنگ اور جیو گروپ کی انتظامیہ خود کو سزا کے لئے پیش کردے۔