اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر کی مختلف صحافی تنظیموں نے اسلام آباد میں جیو نیوز کے دفتر پر پتھرائو کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کے خلاف آج پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ سینئر صحافی اور پروگرام جرگہ کے میزبان سلیم صافی اور بیورو چیف رانا جواد نے کہا کہ جیو کے دفتر پر پتھرائو روز کا معمول بن گیا ہے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا عظیم نے جیو دفاتر پر حملوں کی شدید مذمت کی ہےاور آج پی ایف یو جےکا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے واقعے کو صحافت کا گلا گھونٹنےکی بزدلانہ کوشش قرار دیا۔ صدر پی ایف یو جے دستوری ادریس بختیار نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ دھرنا دینے والے جماعتیں اپنے کارکنوں کو قابو میں رکھیں۔
صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ اگر پولیس تحفظ فراہم نہیں کرسکتی ہےتو ہم اپنے ساتھیوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔کونسل آف پریس کلبز آف پاکستان کے مرکزی کنوینر ارشد انصاری نے جیو نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے خلاف آج پارلیمنٹ ہائوس کے سامنےاحتجاج کیا جائے گا۔
الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوی ایشن، الیکٹرانک میڈیا نیوز کیمرہ مین ایسوسی ایشن، اسلام آباد پریس کلب، روالپنڈی پریس کلب، پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹ کے عہدیداروں نے بھی جیو نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے۔