لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کو حکم دیا ہے کہ وہ ان کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرے جو جیو چینلز کو 19 اپریل والی پوزیشن پر نہیں دکھا رہے، عدالت نے کیبل آپریٹرز خصوصا ًورلڈ کال کے اس مؤقف کو بھی مسترد کر دیا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ یہ کیبل آپریٹرز کی صوابدید ہے کہ وہ جس چینل چاہے دکھائیں اور جسے چاہیں نہ دکھائیں، لاہور ہائیکورٹ میں انڈی پینڈنٹ میڈیا کارپوریشن اور انڈی پینڈنٹ نیوز پیپر کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
فاضل عدالت نے اپنے فیصلے میں پیمرا کو حکم دیا کہ ان تمام کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے جو جیو چینلز کو ان کی 19اپریل 2014ء والی پوزیشن پر نہیں دکھا رہے۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار جیو انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ پیمرا کو ان کیبل آپریٹرز کی فہرست فراہم کریں جو اس کے چینلز کو ان کے اصل نمبروں پر نہیں دکھا رہے۔
فاضل عدالت نے درخواستیں نمٹاتے ہوئے مختصر فیصلہ سنایا، اس میں کیبل آپریٹرز بالخصوص ورلڈ کال کے اس مؤقف کو تسلیم نہیں کیا کہ یہ کیبل آپریٹر کی صوابدید ہے کہ وہ جس چینل کو چاہے دکھائے اور جسے چاہے نہ دکھائے اور اپنی مرضی سے کسی چینل کو کسی بھی نمبر پر دکھا سکتا ہے، عدالت نے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارروائی چار ہفتوں میں مکمل کرے۔