کراچی (جیوڈیسک) کراچی شہر میں ’مینجنگ میگاسٹیز 2016ء‘ کے عنوان پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح منگل کے روز گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کیا کراچی: پاکستان کے شہر کراچی میں جامعہ کراچی اور امریکہ کی جارج میسن یونیورسٹی کے اشتراک سے تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا عنوان ’مینجنگ میگاسٹیز 2016ء‘ تھا۔
کانفرنس کے انعقاد میں جامعہ کراچی کو جارج میسن یونیورسٹی، ورجینیا کا تعاون حاصل تھا، جس کا باقاعدہ افتتاح گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے ایک تقریب میں کیا۔
منگل کے روز کانفرنس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کےدوران گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا کہ “جامعات ریاستوں کے استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتی ھیں۔ جامعات کے مابین باھمی تعاون کے فروغ سے سماجی شعبے میں نمایاں ترقی ہوگی، جبکہ یونیورسٹی پارٹنرشپ پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے پروجیکٹس دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے”۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ “سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نت نئی دریافتیں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے ذریعہ سے ہی ممکن ہیں۔ جامعات کے مابین قریبی تعاون یقینی بنانے میں امریکی حکومت اور کراچی میں امریکی قونصل خانے کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔‘‘ گورنر کا کہنا تھا کہ ’’جارج میسن یونیورسٹی کے پروفیسروں کی مسلسل رہنمائی سے جامعہ کراچی کے ریسرچ اسکالرز کو اپنے پروجیکٹس میں بہت مدد ملی ہے”۔
اس موقع پر جارج میسن یونیورسٹی کے پروفیسر جیمس سی وٹی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی پارٹنرشپ پروگرام کے ذریعے مختلف شعبوں میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس پروگرام کے تحت، پاکستان اور امریکہ کی 45 جامعات کے مابین تعاون جاری ہے، جبکہ تیز رفتار اور درست سمت میں ترقی کے لئے مختلف شعبوں کے مستند اعداد و شمار بنیادی اہمیت رکھتے ہیں”۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر کا کہنا تھا کہ”جامعہ کراچی تحقیق کے شعبہ میں نمایاں مقام رکھتی ہے، جامعہ کے ریسرچ اسکالرز نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ جامعہ کراچی اور جارج میسن یونیورسٹی کے مابین تعاون سے اساتذہ اور طالب علموں کو یکساں طور پر فائدہ ہوگا”۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں امریکی کلچرل اتاشی انتھونی ٹرینچینا کا کہنا تھا کہ”کراچی و امریکی جامعات کے مابین قریبی تعاون سے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب آنے کا موقع ملے گا، اعلی تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں پاکستانی جامعات سے تعاون جاری رکھیں گے”۔
اس بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد دنیا کے تمام بڑے شہروں بالخصوص کراچی کے مسائل اور ان کے حل کے لئے ملکی اور بین الاقوامی ماہرین اپنی آرا پیش کریں گے جبکہ کانفرنس کے دوران پیش ہونے والی ان سفارشات اور حل کو حکومتی حلقوں تک پہنچایا جا سکے گا۔
جامعہ کراچی، جارج میسن یونورسٹی اور کراچی میں امریکی قونصل خانے کے اشتراک سے منعقد ہونے والی کانفرنس کا مقصد پالیسی میکرز، اربن پلانرز، ریسرچ اسکالر سماجی کارکنوں اور طالبعلموں کو شہری حوالے سے منعقدہ عنوانات پر سیشن منعقد کئےجائیں گے۔ اس دوران شہروں کے بنیادی مسائل جیسے پانی، ٹرانسپورٹ، صحت و تعلیم اور نوجوان کے حوالےسے مختلف تحقیق پیش کی جائیں گی۔