وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) گیپکو ملازمین نے ممکنہ نجکاری کیخلاف کام چھوڑ ہڑتال کی۔ حکومتیں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اداروں کی نجکاریاں ملکی مفاد کے منافی ہیں شہریوں کا رد عمل۔ گزشتہ برسوں کی طرح نئے سال میں بھی واپڈا کی ذیلی کمپنیوں کی نجکاری کے خدشات ٹلے نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ 2015ء میں بھی واپڈا ملازمین ممکنہ نجکاری کے فیصلوں کیخلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے اور نئے سال میں ممکنہ نجکاری کیخلاف پہلے احتجاج کا آغاز ہو گیا ہے واپڈا ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے کہا کہ واپڈ اکی نجکاری نہیں ہونے دی جائے گی ایک منافع بخش ادارے کو حکمران اپنے چہیتوں کے سپرد کرنا چاہتے ہیں جس سے یہ ادارہ تباہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کی نسبت واپڈا بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے جبکہ مختلف سرکاری اداروں کے بقایا جات وغیرہ اس کی ترقی کے تسلسل میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی ناکامیوں کا بوجھ واپڈا پر نہ ڈالے۔واپڈا ملازمین مجوزہ نجکاری فیصلہ کیخلاف احتجاج کیلئے ہائیڈرو لیبر یونین کے رہنمائوں کی قیادت میں گوجرانوالہ روانہ ہوگئے۔
دوسری طرف واپڈا دفاتر میں آنے والے سائلین نے بھی نجکاری کے فیصلہ کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی طرف سے قومی اداروں کی نجکاری کے فیصلے ملکی مفاد کے منافی ہیں حکمران چاہتے ہیں کہ تمام ادارے اور ان سے وابستہ افراد ان کی ذاتی جاگیریں اور ملازمین بن جائیں جو کسی بھی صورت درست نہیں انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری کی صورت میں حکمرانوں کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز بھی باقی نہیں رہتا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کی بجائے وعدوں کیمطابق اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے ناکہ ذاتی مفادات اورآئی ایم ایف اور دیگر اداروں کی ایماء پر سرکاری اداروں کو تباہی سے دوچار کیا جائے۔