پیرس (جیوڈیسک) فرانسیسی پہاڑی علاقے میں تباہ ہونے والے جرمن ونگز کے طیارے کے ہلاک شدہ مسافروں میں سے 78 کے ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں۔
فرانسیسی استغاثہ بری رابن کے مطابق یہ ٹیسٹ فرانزک ماہرین کی نگرانی میں کئے جا رہے ہیں۔ جرمن ونگز کا مسافر بردار طیارہ منگل کے روز تباہی شکار ہو گیا تھا جس میں ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق حادثے کے مقام تک ایک سڑک کی تعمیر کا کام پیر کی رات میں مکمل ہو جائے گا۔ بری رابن کے مطابق سڑک کی تعمیر سے جہاز کے بڑے ٹکڑوں کو ہٹانے میں مدد حاصل ہوگی۔
تفتیش کار طیارے کے تباہ ہونے والے مقام پر گرے ملبے میں سے دوسرے بلیک باکس کی تلاش کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔