برلن (جیوڈیسک) جرمن پارلیمنٹ کی 631 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق انگیلا میرکل آج مورخہ 24 اپریل 2017ء کو منعقد ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے چوتھی مرتبہ چانسلر بن جائیں گی۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 2013ء کے مقابلے میں ووٹنگ کا تناسب75.6 فیصد رہا جو چار سال قبل 2013ء کے انتخابات میں 71 فیصد تھا۔
میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین نے ان انتخابات میں 32.5 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی اتحادی جماعت سوشل ڈیموکریٹک نے 20 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ دوسری جانب جرمنی میں اسلام مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی 13.5 فیصد ووٹ حاصل کر کے ملک کی تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
انگیلا میرکل نے اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا ہے کہ انھیں امید تھی کہ انتخابات میں ان کی جماعت بہتر نتائج دے گی۔ اب فتح کے بعد ان کا سیاسی اتحاد نئی حکومت بنائے گا۔ میرکل کا کہنا تھا کہ دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈٰی کی پارلیمنٹ میں رسائی ان کیلئے چیلنج ہے۔
خیال رہے کہ جرمن خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق انگیلا میرکل جو کام شروع کرتی ہیں، اسے ختم کر کے ہی دم لیتی ہیں۔ میرکل 2005ء میں پہلی مرتبہ چانسلر کے عہدے پر براجمان ہوئیں تھیں۔ حکومت بنانے کیلئے انہوں نے دو مرتبہ اپنی سب سے بڑی حریف سیاسی پارٹی ایس پی ڈی اور ایک مرتبہ لبرلز سے اتحاد کیا تھا۔