برلن (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جرمن سرمایہ کاروں کی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں دلچسپی ہے، انرجی فورم کے قیام پر جرمنی کا خیرمقدم کرتے ہیں، جرمن چانسلر کے ساتھ عالمی اور علاقائی امور پر بات چیت ہوئی، جرمنی کو پاکستان کی فارن پالیسی میں اہمیت حاصل ہے۔
دورۂ جرمنی کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے جرمن چانسلر انجلا مرکل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ناسور کو جلد ختم کرنے کی امید ہے، ہائیر ایجوکیشن سمیت کئی امور پر جرمنی کے ساتھ تعاون جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوٹ رادھا کشن واقعہ شرمناک اور قابل مذمت ہے، پاکستانی حکومت واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی ہدایت کر چکی ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔
ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام ملنے کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ملالہ کو نوبل انعام ملنے پر بہت خوش ہیں، ملالہ پاکستان میں بہت مقبول ہیں، انہوں نے کئی مشکل ادوار دیکھے ہیں۔