جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی کے مغربی شہر اوبرہازن میں چاقو سے کیے جانے والے ایک حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بظاہر یہ واقعہ خاندانی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
جرمنی کے مغربی شہر اوبرہازن میں حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات انیس نومبر کی شب ایک شخص نے چاقو سے متعدد افراد پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ حملہ آور سمیت تمام افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منقتل کر دیا گیا ہے۔ کم از کم ایک شخص کو شدید زخم آئے ہیں۔ حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ مشتبہ ملزم بھی زخمی ہوا، جسے بعد میں حراست میں لے لیا گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ایک مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حملے کی وجہ کیا تھی لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے یہ واقعہ ایک خاندانی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے نیوز ایجنسی ڈی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی اندیشہ نہیں کہ حملے کا تعلق دہشت گردی سے ہے۔
یہ حملہ اوبرہازن میں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے پیش آیا۔ پڑوسیوں نے ہنگامہ آرائی کی آواز سن کر پولیس کو کال کی، جس نے فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ پولیس حکام نے نصف شب سے پہلے پہلے اپنی تمام تر کارروائی مکمل کر لی تھی۔
مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے میں محکمہ ایزین سے مدد بھی طلب کی۔ واقعے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔