جرمن ریسرچ: بحالی صحت کے لیے روزہ رکھنا انتہائی مفید

 Organ Herz menschlicher Körper

Organ Herz menschlicher Körper

جرمنی میں بحالی صحت کے لیے روزے کے بارے میں ایک اہم تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ روزہ رکھنا انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ بحالی صحت کے لیے روزہ موٹاپے سمیت کئی دائمی امراض کے علاج میں معاون ہوتا ہے۔

اس روزے سے مراد یہ ہے کہ انسان صحت کی بحالی کے لیے کسی پرسکون جگہ پر مکمل آرام کرے اور اس دوران پانی کے علاوہ دیگر خوراک ترک کر دے۔

اپنی نوعیت کے اب تک کے سب سے جامع اور سائنسی تحقیقی جائزے میں چودہ سو سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ صحت سے متعلق موقر سمجھے جانے والے ’پلوس ون‘ جریدے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قریب ڈیڑھ ہزار افراد نے جرمنی کے جنوبی علاقے میں واقع کونسٹانس جھیل کے قریب ایک کلینک میں پانچ سے لے کر بیس دن تک بحالی صحت کے لیے روزے رکھے۔

یہ تحقیق کونسٹانس کے معروف بوخینگر کلینک اور برلن یونیورسٹی ہسپتال کے تعاون سے کی گئی تھی۔ اوٹو بوخینگر غذا کے ذریعے علاج کرنے کے جرمن طریقہ کار کے بانی سمجھے جاتے ہیں۔

روزے کے فوائد

ان افراد کا جائزہ لینے والے طبی محققین نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ روزہ رکھنے والے افراد کی صحت پر متعدد مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق روزے کے دوران انسانی جسم گلوکوز کے ذریعے توانائی حاصل کرنے کی بجائے جسم میں موجود چکنائی یا چربیلے مادے کو استعمال میں لاتا ہے۔

سراجیوو میں مقامی روایات کے مطابق ہر روز افطار کے وقت توپ چلائی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں روزے داروں کا وزن بھی کم ہوا یوں یہ موٹاپے کے علاج کے لیے موزوں طریقہ قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ تحقیقی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بحالی صحت کے لیے روزہ رکھنے والے افراد کے معدے کا سائز بھی کم ہوا اور کولیسٹرول کے درجے میں بھی کمی واقع ہوئی۔

بحالی صحت روزہ پروگرام میں شامل افراد کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہوا اور خون میں گلوکوز کی مقدار بھی بہتر ہوئی۔ ماہرین نے اپنے جائزے میں یہ بھی بتایا کہ روزہ رکھنا امراض قلب سے بچاؤ کے علاوہ شوگر اور ہائپر ٹینش کے مریضوں کے علاج میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

دائمی امراض

اس تحقیقی مطالعے کے نتائج میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ بحالی صحت کے لیے روزہ رکھنا کئی دائمی امراض کے علاج میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر جائزے میں شریک 84 فیصد افراد میں آرتھرائٹس (جوڑوں کا درد) خون میں چکنائی کی زیادہ مقدار اور جگر کی سوزش جیسے دائمی امراض میں بہتری دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ 93 فیصد افراد نے بتایا کہ بحالی صحت کے لیے روزہ رکھنے کے دوران انہیں بھوک محسوس نہیں ہوئی۔

منفی اثرات

ڈاکٹروں نے اس دوران جائزے میں شریک افراد پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران تاہم صرف چند شرکا میں روزہ رکھنے کے پہلے تین روز کے دوران سر درد اور بے خوابی جیسے منفی اثرات دیکھے گئے۔