جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی کے شہر لیورکوزن میں ایک زوردار دھماکے سے سارا شہر لرز کر رہ گیا۔ دھماکے کے مقام سے آگ لگنے کے بعد گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل بھی اُٹھتے رہے۔ اس حادثے میں سولہ افراد زخمی جبکہ پانچ لاپتہ ہوئے ہیں۔
جرمنی کے چوتھے سب سے بڑے شہر کولون سے بیس کلومیٹر شمال میں واقع لیورکوزن میں دھماکا کیم پارک (Chempark) یا کیمیکل پارک میں ہوا۔ اس حادثے کے بعد امدادی کارکن فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس مقام پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
اس کیمیکل پارک کی نگران ایجنسی کورینٹا نے دھماکے کا وقت صبح نو بج کر چالیس منٹ بتایا ہے۔ دھماکا ایک کیمیائی فضلہ جمع کرنے والے تالاب میں ہوا اور دھماکے کے بعد تالاب میں موجود فضلے میں آگ بھی بھڑک اٹھی تھی۔
دھماکے کے بعد عام لوگوں اور ملازمین کو چوکس رکھنے کے لیے ہنگامی سائرن بھی بجائے گئے۔ بتایا گیا ہے کے نواحی علاقوں میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔
جرمنی کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (NINA) نے اس دھماکے کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ اس ادارے نے قریبی علاقے کے تمام شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی کہا گیا کہ شہری اپنے نکاسی ہوا کے تمام سسٹمز کو بند کردیں تا کہ آلودہ ہوا سے وہ محفوظ رہ سکیں۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق جرمنی کے وفاقی ادارے نے لوگوں کو کھڑکیاں اور دروازے بھی بند رکھنے کی تاکید کی ہے۔
لیورکوزن کا کیمیکل پارک دریائے رائن کے کنارے پر ہے اور اس میں ہونے والے دھماکے سے ابھی تک ممکنہ ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ پانچ لاپتہ افراد کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
سولہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ لیورکوزن کی بلدیہ نے اپنے فیس بک پیج پر چار زخمیوں کی حالت نازک بیان کی ہے۔ ابھی تک تفتیشی اور انتظامی حکام اس خطرناک دھماکے کی وجوہات تلاش نہیں کر پائے ہیں۔
دھماکے کے مقام کے اندر کی تفصیلات بھی عام نہیں کی گئی ہیں۔ بظاہر حکام تفتیش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لیورکوزن کا کیمیائی انڈسٹری کے لیے مختص کیمیکل پارک بورینگ علاقے میں واقع ہے۔ یہ مرکزی انڈسٹریل پارک سے علیحدہ ہے۔ لیورکوزن میں کئی اہم صنعتی یونٹس قائم ہیں۔
انڈسٹریل پارک میں بین الاقوامی شہرت کی کئی کیمیکل کمپنیاں اپنے کارخانے قائم کیے ہوئے ہیں اور ان میں بائر۔ لانکسس اور ایونک خاص طور پر نمایاں ہیں۔
حادثے کے بعد کیمیکل پارک کو پولیس نے اپنے گھیرے میں لے لیا جبکہ فائر فائٹرز اور ریسکیو ورکرز کی ایک بڑی تعداد بھی امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ کولون پولیس نے لیورکوزن کو جانے والی موٹر ویز عارضی طور پر بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔