واشنگٹن (جیوڈیسک) جرمن حکام نے داعش کے رُکن ہونے کے شبہے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے، جو مقامی فٹ بال چمپین شپس کے افتتاحی کھیل کے موقع پر دھماکہ کرنے سے متعلق دھمکی کے الزام میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
رائن لینڈ کی مغربی ریاست کے حکام کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے جمعے کے روز مشتبہ شخص کو مٹرسٹاڈ کے علاقے سے حراست میں لیا۔ تاہم، ملنے والی دھمکی کے بارے میں مزید تفصیل موجود نہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ آدمی شامی ہے جو پناہ کی تلاش میں تھا۔
پہلی اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ یہ مشتبہ شخص داعش کا ’’چوٹی‘‘ کا رُکن ہے۔ گذشتہ ماہ مہاجرین کے ہاتھوں شہری آبادی پر دو دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں۔
ورزبرگ کے قصبے میں ریل گاڑی پر حملہ کرنے والے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا، جس نے کلہاڑی کے وار کرکے پانچ افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ انسباغ میں 15 افراد اُس وقت زخمی ہوئے جب ایک خودکش حملہ آور نے محفلِ موسیقی کی ایک تقریب کے باہر بم دھماکہ کیا گیا، جس میں وہ خود ہلاک ہوا۔
حکام نے اندازہ لگایا تھا کہ اس حملے کے تانے بانے 26 اگست کو بُنڈسلیگا میں جرمنی کی معروف فٹ بال لیگ کے افتتاحی میچ کے آغاز پر حملے کی دھکمی کے معاملے سے جڑے ہوئے ہیں۔