نیورمبرگ (جیوڈیسک) جرمن شہر نیورمبرگ میں چاقو کے حملوں سے زخمی ہونے والی تین خواتین کی ایمرجنسی سرجری کی گئی ہے۔ جرمن ریاست باویریا کے اس شہر میں یہ تینوں خواتین چاقو سے کیے جانے والے تین مختلف حملوں میں زخمی ہوئیں۔
نیورمبرگ پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر یہ حملے ایک ہی شخص نے کیے ہیں جس کی تلاش جاری ہے۔ جمعرات 13 دسمبر کی شب نیورمبرگ میں چاقو کے حملوں کا نشانہ بننے والی خواتین کو شدید زخم آئے ہیں اور جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں تاہم اس بات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے کہ ان تینوں حملوں کا ذمہ دار ایک ہی شخص ہے۔
یہ حملے جمعرت کی شام مقامی وقت کے مطابق شام سات بجکر بیس منٹ سے لے کر رات نصف شب تک نیورمبرگ کے علاقے سینٹ جوہانس میں کیے گئے ہیں۔ ان حملوں کا نشانہ بننے والی خواتین کی عمر 56, 34 اور 26 برس ہیں۔ حملوں کے بعد ان خواتین کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں کی سرجری ہوئی۔ ان کی حالت کے بارے میں مزید اطلاعات ابھی دستیاب نہیں۔
پولیس کے مطابق تینوں متاثرہ خواتین نے حملہ آور کے بارے میں کسی حد تک مختلف معلومات فراہم کی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر 25 سے 30 برس کے درمیان ہو سکتی ہے جبکہ اس کا قد پانچ فٹ نو انچ سے پانچ فٹ گیارہ انچ کے درمیان ہے۔