جرمنی نے لیبیا میں جنگ بندی سے متعلق مصری فارمولے کی حمایت کر دی

Abdel Fattah al-Sisi and German Chancellor

Abdel Fattah al-Sisi and German Chancellor

لیبیا (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی نے لیبیا میں قومی وفاق حکومت اور نیشنل آرمی کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مصری حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کی حمایت کی ہے۔

گذشتہ روز مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ صدر السیسی نے لیبیا میں جنگ بندی کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے اور فریقین میں عملی جنگ بندی کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا کہ صدر عبدالفتاح السیسی اور جرمن چانسلر کے درمیان ہونے والی گفتگو میں لیبیا میں جنگ بندی کے حوالے سے قاہرہ کی مساعی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعے پر جرمن چانسلر نے مصر کی طرف سے لیبیا میں جنگ بندی کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقعے پر دونوں رہ نمائوں نے لیبیا کی ترکی اور دوسرے ممالک کی مداخلت ختم کرنے اور لیبیا بحران سفارتی اور سیاسی طریقے سے حل کرنے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں لیبیا کی نیشنل آرمی کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر اور لیبی پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح نے قاہرہ میں مصری صدرعبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی تھی۔ اس موقعے پر مصر کی طرف سے لیبیا میں جنگ بندی کے حوالے سے فریم ورک پیش کیا گیا تھا جس میں لیبیا میں ترکی کی مداخلت ختم کرنے اور لیبیا میں لائے گئے تمام غیرملکی جنگجوئوں کو بے دخل کرنے پراتفاق کیا گیا تھا۔