فرینکفرٹ (اصل میڈیا ڈیسک) تھوماس شیفر کی لاش ٹرین کی پٹری پر ملنے کے بعد پولیس کو شبہ ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے۔ شیفر ریاست ہیسے کے وزیر مالیات تھے۔اسی ریاست میں جرمنی کا اقتصادی مرکز فرینکفرٹ بھی واقع ہے۔
جرمن پولیس کو ریاست ہیسے کے وزیر مالیات تھوماس شیفر کی لاش تیز رفتار ٹرینوں کے لیے مخصوص پٹری پر شہر ہوخ ہائم کے قریب سے ملی۔ یہ شہر فرینکفرٹ اور مائنز کے درمیان واقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہاں سے گزرنے والے ایک شخص نے طبی عملے کو اس لاش کی اطلاع دی۔
تفتیش کاروں نے بعد ازاں تصدیق کر دی کہ ہلاک ہونے والے شخص ریاستی وزیر مالیات تھوماس شیفر ہیں اور یہ بظاہر خود کشی کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔ تاہم پولیس نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
ریاستی میڈیا کے مطابق 54 سالہ شیفر حالیہ دنوں میں باقاعدگی سے ٹیلی وژن پر دکھائی دے رہے تھے۔ مثال کے طور پر گزشتہ دنوں کے دوران انہیں ایسے کئی پروگرامز میں دیکھا گیا، جن میں انہوں نے عوام کو کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے امدادی پیکج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
تھوماس شیفر کا تعلق چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین ‘سی ڈی یو‘ سے تھا۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے ریاستی سطح پر کی جانے والی سیاست میں متحرک تھے اور تقریباﹰ دس برسوں سے صوبائی وزیر مالیات تھے۔
اس ریاست میں جرمنی کا اقتصادی مرکز فرینکفرٹ بھی واقع ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ اگر وزیر اعلی فولکر بوفیے نے 2023ء کے ریاستی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تو وہ ہیسے کے نئے وزیر اعلی ہو سکتے تھے۔
اس واقعے پر وزیر اعلی فولکر بوفیے نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ کے لیے یہ خبر ناقابل یقین اور صدمے کا باعث تھی،” ہم سب صدمے میں ہیں اور یقین ہی نہیں آ رہا کہ شیفر اس طرح اچانک اور غیر متوقع انداز میں اس دنیا سے چلا جائے گا۔ ہماری تمام تر ہمدریاں ان کے قریبی رشتے داروں کے ساتھ ہیں۔‘‘
تھوماس شیفر نے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔