جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی میں شدید برفباری کی وجہ سے ریل اور ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ملکی محکمہ موسمیات کی طرف سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر چکا ہے۔
جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور لوئر سیکسنی میں شدید برفباری اور بارش کے باعث ریل اور ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ بارش اور برف کے پگھلنے کی وجہ سے دریائے رائن میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ لوگوں کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ وہ کسی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
شدید موسم کے پیش نظر جرمن حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔ اس موسم کی وجہ سے گزشتہ دو روز کے دوران صرف نارتھ رائن ویسٹ فیلیا صوبے میں دو سو بائیس روڈ ایکسڈینٹ رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔
جرمن شہر ڈورٹمنڈ کی ایک موٹر وے کا منظر، یہ تصویر جمعرات کو لی گئی تھی۔
جرمن حکام کے مطابق ہنگامی ٹیموں کو تیار کر لیا گیا ہے، جو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران جرمنی کے متعدد علاقوں میں شدید برفباری اور تیز ہوائیں چلیں گی۔
اس صورتحال میں جرمنی میں کئی شہروں کے مابین ریل سروس معطل کر دی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذاتی گاڑیوں کو سڑکوں پر نہ نکالیں اور حتی المکان کوشش کریں کہ سفر نہ کریں۔
دارالحکومت برلن میں شدید ٹھنڈ کے پیش نظر بے گھر افراد کے لیے خصوصی ہوم شیلٹر کھول دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی جرمنی میں زیادہ خطرناک صورتحال سے خبردار کیا گیا ہے۔ بالخصوص آلپس کے قریبی علاقوں میں برفانی طوفان اور تیز ہوائیں چلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔