برلن (جیوڈیسک) دنیا بھر میں سیاحوں کی سہولت اور آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید آسائشوں سے مزین بڑے بڑے ہوٹل قائم کئے جاتے ہیںلیکن اس ہوٹل کی تو بات ہی نرالی ہے۔
جی ہاں جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک ایسا ہوٹل ہے جسے دنیا کا عجیب و غریب ترین ہوٹل قرار دیا جارہا ہے۔ سٹی لاج نامی یہ ہوٹل تیس کمروں پر مشتمل ہے جس کے ہر کمرے کی خصوصیات دلچسپ اور نرالی ہیں جو سیاحوں کی منفرد خواہشات کی تکمیل کیلئے بنائے گئے ہیں۔
ہوٹل کے ایک کمرے کو اپ سائڈ ڈائون کا نام دیا گیا ہے جہاں آرام کرتے ہوئے مہمانوں کو یوں محسوس ہوگا کہ جیسے وہ زمین کے بجائے چھت پر لیٹے ہیں۔ ا یک کمرے میں بیڈ کے چاروں جانب آئینے کے ٹکڑے نصب کئے گئے ہیں۔
جو سیاحوں کا سر چکرا دینے کیلئے کافی ہیں۔ عجیب و غریب اس ہوٹل میں ایک کمرے کا بیڈ ہوا میں معلق ہے جو لیٹنے والوں کو فضائی لطف فراہم کرے گا جبکہ ایک کمرے کو بلکل شیر کے پنجرے کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ تو اگر آپ کی خواہشات بھی منفرد اور انوکھی ہیں تو اپنے دل اور ارادوں کو مضبوط کر کے اس ہوٹل کا رخ کریں۔