غداری کیس: پرویز مشرف کی حاضری سے استثنا کی درخواست

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثناکی درخواست دائر کردی گئی۔ پرویز مشرف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت جاری ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔

آج جب سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی، جس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنا کی استدعا کی گئی ہے۔ انور منصور ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے اندر یا باہر سلمان تاثیر طرز کے قتل کی منصوبہ بندی کی رپورٹ ہے، دیکھنا ہوگا کہ مشرف کی سیکیورٹی پر مامور افراد کی دوستی اوراٹھنا بیٹھنا کس کے ساتھ ہے، اس تمام عمل میں 6 سے 8 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

رینجرز اور پولیس فورس کے سربراہ تصدیقی عمل مکمل ہونے پر بیان حلفی جمع کرائیں، سیکیورٹی پر مامور افراد کی تصدیق اور اسکریننگ کے بعد مشرف عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ انور منصور نے کہا کہ سیکورٹی کی یقین دہانی کے بعد ہی مشرف عدالت آسکیں گے۔

خصوصی عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے ملزم پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ ایس پی سیکیورٹی اسلام آباد چودھری اشفاق مشرف کو لینے اے ایف آئی سی پہنچ گئے، اس موقع پر آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے خصوصی عدالت جانے والے راستے پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔