گکھڑ سے وزیرآباد تک دو طرفہ جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Wazirabad, GT Road

Wazirabad, GT Road

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) گکھڑ سے وزیرآباد تک دو طرفہ جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، اہم ترین شاہراہ پر گہرے کھڈوں کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر، گاڑیوں کے قیمتی پرزہ جات ناکارہ ہونے سے ٹرانسپورٹ مالکان کو زبردست نقصان کا سامنا۔ ذمہ داران نے حالات درست کرنے کی بجائے چشم پوشی اختیار کر لی۔

شہریوں، سول سوسائٹی کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر سڑک کی فوری تعمیر ومرمت کا مطالبہ۔ صوبائی دارلحکومت کو مختلف اضلاع گجرات، جہلم، راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ملانے والی مین جی ٹی روڈجس پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں چھوٹی بڑی مسافر، مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے عرصہ دراز سے مختلف مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ،گکھڑ سے وزیرآباد تک سڑک کے دونوں اطراف کئی گہرے کھڈے بھی پڑ چکے ہیں جن کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سڑک ٹوٹنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوتا ہے اور اکثر کھڈوں سے بچنے بچانے کے دوران جان لیوا حادثات بھی رونما ہوتے ہیں جبکہ گاڑیوں کے قیمتی پرزہ جات کابھی ان کھڈوں کی وجہ سے نقصان ہوتا ہے۔

جی ٹی روڈ پر گشت کرنے اور ٹرانسپورٹروں سے معمولی غلطیوں پر بھاری جرمانہ وصول کرنے والی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس بھی شہریوں/مسافروں کو ریلیف دلوانے کی خاطر متعلقہ انتظامیہ کی اصل مسائل ٹوٹی ہوئی سڑکیں، گہرے کھڈے کہ جن کی وجہ سے ٹریفک قوانین سرزد ہوتے ہیںکی طرف توجہ دلوانے سے قاصر ہے جبکہ محکمہ ہائی وے اور دیگر اتھارٹیز نے پہلے ہی چپ سادھ رکھی ہے۔ عوامی، سماجی حلقوں، شہریوں،سول سوسائٹیز کے اراکین نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے صورتحال کا نوٹس لیکر سڑک کی فوری تعمیر ومرمت کا مطالبہ کیا ہے۔