کراچی (جیوڈیسک) ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے گھارو پمپنگ ہاؤس پر منگل سہ پہر ساڑھے 4 بجے کے الیکٹرک کی جانب سے 8 گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی جو رات پونے 12 بجے بحال کی گئی۔
بجلی کی عدم فراہمی سے گھارو کے نیو پمپ ہاؤس کے 5 پمپ بند رہے اور شہر کو پانی کی سپلائی نہ ہوسکی، واٹر بورڈ ترجمان کے مطابق واٹربورڈ گھارو پمپنگ ہاؤس پر بجلی بندش سے ایک کروڑ 50 لاکھ گیلن پانی شہر کو پمپ نہیں ہوسکا جس سے لانڈھی، کورنگی، کورنگی صنعتی علاقہ، شاہ فیصل، پی اے ایف کارساز، ملیر، جمشید ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر رہی۔