گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی معطل، شہر میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی

Pumping Stations

Pumping Stations

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کو پانی فراہم کرنے والے اہم پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے ہفتہ کو شہریوں کو 15 ملین گیلن پانی کی فراہمی نہ ہوسکی، ڈیڑھ کروڑ گیلن پانی سپلائی نہ ہونے سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گھارو میں قائم واٹر بورڈ کے اہم پمپنگ اسٹیشن کی بجلی ہفتہ کو 2 مرتبہ بندکردی گئی جس کی وجہ سے کراچی کو پانی کی فراہمی 2 بار معطل ہوئی، واٹر بورڈ کے ترجمان کے مطابق ہفتہ کو صبح 6 بجکر 10 منٹ پر کے الیکٹرک کی جانب سے گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند کردی گئی جوکہ صبح 8 بجے بحال کی گئی۔

دن 10 بجکر 15 منٹ پر ایک بار پھر بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی جس کے بعد کے الیکٹرک نے دوپہر ایک بجکر 15منٹ پر بجلی بحال کی، بجلی بندش کے باعث مجموعی طور پر 15 ملین گیلن پانی شہر کو فراہم نہیں کیا جاسکا جس سے شہر کے تمام علاقے بالخصوص کراچی کے آخری حصوں کی آبادیوں میں پانی کی شدید قلت ہوگئی ہے۔

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے مینجنگ ڈائریکٹر قطب الدین شیخ نے کراچی کے شہریوں سے کہا ہے کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے الیکٹر ک کی جانب سے بجلی کی غیراعلانیہ بندش کی وجہ سے پیدا ہونے والی قلت آب پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے انھوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی احتیاط اورکفایت سے استعمال کریں تاکہ کراچی کے دور دراز علاقوں میں آباد شہریوں کو پانی میسر آسکے۔