لاہور : غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام معروف سماجی راہنما اور ”اخوت” کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر امجد ثاقب کی کتاب ”کامیاب لوگ” کی تقریب پذیرائی کا اہتمام پنجاب یونیورسٹی کے الزاری ہال میں کیا گیا۔
ہیلے کالج آف کامرس کے اشتراک سے ہونے والی اس تقریب کی صدارت پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے کی جبکہ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان ، مجیب الرحمن شامی ، انجینئر قمرالاسلام راجہ ، ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ ، ڈاکٹر اجمل نیازی ، پرنسپل ہیلے کالج آف کامرس ڈاکٹر حسن مبین عالم ، ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ ، ڈاکٹر اظہار ہاشمی اور دیگر مہمانان خصوصی تھے۔
تقریب میں ڈاکٹر امجد ثاقب کی سماجی ترقی حوالے سے خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی نئی تصنیف پر مبارکباد پیش کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان اور ڈاکٹر ظفر معین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب اپنی ذات میں ترغیبِ خیر ہیں جو اپنے غیرمعمولی اقدامات کے ذریعے معاشرے کے دردِدل رکھنے والے افراد کو سماجی ترقی و خدمت پر غیر محسوس انداز میں تیار کررہے ہیں اور غربت و محرومی کے اندھیروں کو دور کرکے امید کے دئیے روشن کرنے کیلئے کامیاب لوگوں کو مثال بناکر اہلِ وطن کو محنت اور خودانحصاری کا پیغام دے رہے ہیں۔
مجیب الرحمن شامی ، قمرالاسلام راجہ ، ڈاکٹر اجمل نیازی ، ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ اور دیگر نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی معاشرے میں انٹرپرنیورز کی موجودگی اس معاشرے کی بقا کی ضمانت ہے۔ یہ لوگ معاشی و سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرکے ملکی خوشحالی کا باعث بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل اسی قوم کا روشن ہوگا جو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط ہوگی۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ رزق حلال کی جستجو میں ہی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ، اس ضمن میں غربت کو شکست دینے اور ایک خوبصورت سماج کی تعمیر کیلئے ہمیں اپنے دامن میں محنت ، جستجو ، یقین اور اخلاص جیسی خوبیاں پیدا کرنا ہوں گی۔تقریب میں اس امر کو بھی سراہا گیا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر خیر اور بھلائی کے کام کرنے والے دیگر اداروں کی حوصلہ افزائی کرتا رہتا ہے۔
اس ضمن میں مقررین نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے اس عمل کو مثبت روایات سے تشبیہ دی اور کہا کہ موجودہ حالات اور درپیش معاشی چیلنجز میں سوشل انٹرپرنیورزشپ کے کلچر کو فروغ دے کر اپنے پائوں پر کھڑا ہوا جاسکتا ہے۔