گجرات: گزشتہ روز گجرات یونین آف جرنلسٹس نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ میں ایک تقریب کے دوران 77مستحق بچوں میں سکول بیگ تقسیم کئے۔تقریب کی صدارت گجرات یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اختر چوہدری نے کی۔تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیرکوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا آج کے ترقی یافتہ دور میں تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر گامزن ہو کر ہم اقوام عالم کا مقابلہ کر سکتے ہیںکیونکہ پڑھا لکھا نوجوان ہی ملک کوترقی کی راہوںپرگامزن کرسکتا ہے۔
اس موقع پر گجرات یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری طاہر جمیل سیال نے کہا کہ گجرات یونین آف جرنلسٹس غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ سمیت تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرنے والے تمام اداروں کے شانہ بشانہ ہے اورضلع بھر میںجہاں کہیں بھی ضرورت محسوس ہوئی گجرات یونین آف جرنلسٹس فروغ تعلیم کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہاکہ غزالی ٹرسٹ سکول میں بیگ کی فراہمی میں گجرات یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین مجلس عاملہ محمد اسماعیل نے77بچوں کو بیگ دینے میں بھرپور معاونت کی۔
اس موقع پر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ڈسٹرکٹ مینجر گجرات،جہلم سید عباس علی شاہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ گجرات یونین آف جرنلسٹس مستحق طلباء میں بیگ تقسیم کرنے پر یونین کے تمام ممبران خراج تحسین کے مستحق ہیںانہوں نے کہا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ گزشتہ کئی سالوں سے مستحق طلباء میں فروغ تعلیم کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ایک کلاس ایک ٹیچر کے نظام کے تحت تعلیم دی جارہی ہے اور ہم اپنے طلباء میں مفت تعلیم ،کتب، بیگ کے علاوہ یونیفارم بھی مہیا کرتے ہیں تاکہ مستحق بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ پڑھ لکھ کر پاکستانی معاشرے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔تقریب میں گجرات یونین آف جرنلسٹس کے مجلس عاملہ کے چیئرمین محمد اسماعیل،سینئر صحافی عبدالعزیز،افتحار احمد بھٹہ، صغیر احمد قمر، نوید احمد،ملک شبیر احمد خیالی،عماد وڑائچ،عامرسرفراز،وحید احمد سیال، شہزاد اقبال کے علاوہ سینئر کالم نگار جمیل اختر سیال، چوہدری فرخ احمد گجر سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔