کراچی : غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت کے زیر اہتمام چوتھی قومی خطاطی نمائش کے دوسرے روز خواتین کیلیگرافرز کے فن پاروں پر مشتمل گیلری کا فیتہ کاٹ کر افتتاح ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، کشمالہ طارق ، تحریک انصاف کی راہنما پروین سرور ، عائشہ ممتاز اور حفصہ جاوید نے کیا جبکہ بعدازاں رکن پنجاب اسمبلی صبا صادق نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔
تمام مہمانوں نے ملک بھر سے آئے ہوئے فن پاروں کو دیکھا اور خطاطوں کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ اور پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان قرار دیا۔
خطاطوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خطاطوں کے ہر فن پارے سے ان کی مہارت ، فکری جذبات و احساسات ، سوچ کے رنگ اور مذہب سے لگائو کی عکاسی جھلکتی ہے اور ایسی تقاریب کا انعقاد خطاطوں کے حوصلے بڑھاتا ہے۔
انہوں نے خطاطی کی سرپرستی کیلئے وزارت کے قیام اور اس کی ترویج کیلئے باقاعدہ ایک ادارہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور مزید کہا کہ خطاطی کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کیلئے حکومت کو کردار ادا کرنا چاہئے۔
صبا صادق نے اس موقع پر حکومتی سطح پر خطاطوں کی پذیرائی کے عزم کا اظہار کیا ۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کے راہنمائوں لیاقت بلوچ ، ذکراللہ مجاہد ، فرحان شوکت کے علاوہ سماجی کارکن شاہد قادر اور دیگر نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔