غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت 7 روزہ قومی خطاطی نمائش کا آغاز کل ہو گا

Lahore

Lahore

لاہور : غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت 7 روزہ تیسری قومی خطاطی نمائش کا آغاز کل سے ہورہا ہے ۔ نمائش کا انعقاد الحمرا آرٹ گیلری میں کیا گیا ہے۔

قومی خطاطی نمائش کے موضوع کو حالات کی مناسبت سے نبی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور اس کا عنوان ”دہر میں اسم محمدۖ سے اجالا کردے” رکھا گیا ہے۔

نمائش کو موضوع کی مناسبت سے اسلام اور نبیۖ کے بارے میں قرآنی آیات ، نعتیہ اشعار ، اسمائے نبی اور احادیث مبارکہ بہ نسبت مقامِ مصطفی ۖ کے فن پاروں کے مجموعے سے آویزاں کیا گیا ہے ۔ نمائش کا مقصد خطاطی کی مسلم ثقافت میں اہمیت کو اجاگر کرنا اور موجودہ دور میں فنون لطیفہ سے آشنائی پیدا کرنا ہے۔

نمائش کی افتتاحی تقریب کل 3 جنوری کو سہ پہر 2 بجے الحمراء ہال نمبر 3 میں منعقد ہوگی جس میں اوریامقبول جان ، امجد اسلام امجد ، مرغوب احمد ہمدانی اور عطاالحق قاسمی مہمان خصوصی ہونگے جبکہ وفاقی وزیراطلات قمرزمان کائرہ ، مونس الٰہی اور دیگر سیاسی و سماجی رہنمائوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ نمائش جمعرات 10 جنوری تک جاری رہے گی۔

اس موقع پر مختلف تعلیمی ، سماجی ، صحافتی و سیاسی اور دینی حلقوں اور فن کی دنیا سے وابستہ افراد نمائش کا دورہ کریں گے جبکہ نیشنل کالج آف آرٹس سمیت مختلف کیلیگرافرز موضوع کے لحاظ سے اپنے اپنے فن پارے نمائش کیلئے پیش کریں گے۔

محمد نورالھدیٰ
میڈیا آفیسر
0300-4532369