اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں پرویز مشرف کو حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دے دیا، آئندہ سماعت پر سابق صدر کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دینے سے متعلق بحث ہو گی۔
لال مسجد کے نائب خطیب غازی عبدالرشید اور ان کی والدہ کے قتل کیس کی سماعت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے کی۔
مدعی کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ سابق صدر صحت اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر عدالت پیش نہیں ہو رہے۔
ڈاکٹروں کی اجازت اور سیکورٹی انتظامات مکمل ہونے پر پرویز مشرف عدالت پیش ہوجائیں گے۔ مقدمے کی سماعت پندرہ مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔