اسلام آباد (جیوڈیسک) عبدالرشید غازی قتل کیس میں عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 13 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست جمع کراتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج کو یہ کیس سننے کا اختیار نہیں، اسے مجسٹریٹ کو بھجوایا جائے۔
پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا اور آئی جی پولیس اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ پرویز مشرف کی آمد پرسیکورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت اس سےقبل پرویز مشرف کو 23 بار طلب کرچکی ہے لیکن وہ ایک باربھی پیش نہیں ہوئے۔