کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے اشتراک سے واحد اسپورٹس گرائونڈ و شوٹنگ بال کورٹ پر قائد اعظم ڈے کے موقع پر سندھ اسپورٹس بورڈ قائد اعظم ڈے اسپورٹس فیسٹیول میں قائد اعظم ڈے SSBکپ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ میں غازی اسپورٹس شوٹنگ بال کلب شاہ فیصل کالونی نے عثمان شوٹنگ بال کلب ڈسٹرکٹ سنٹرل کو 31-28سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
قبل ازیں ٹورنامنٹ میں شہر کراچی کی 8معروف شوٹنگ بال کلبوں کے مابین مقابلوں کا انعقاد کیا گیا فائنل میچ کے اختتام پر سندھ اسپورٹس بورڈ کے تحت تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بطور مہمان خصوصی فاتح رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کیش پرائز اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن،سندھ اسپورٹس بورڈ اور بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا،شائقین اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کے قیام کا اہم جز ہے۔
بلدیہ کورنگی ضلع میں تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلا یا کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی کے ذریعے ضلع کورنگی کو شہر کا صحت مند سرگرمیوں کا مرکز بنا ئیں گے۔
تقریب میں ڈائریکٹر اسپورٹس بلدیہ کورنگی خالد نفیس ،یونین کمیٹی کے چیئر مین وائس چیئر مین ،سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر شمیم قریشی ، سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،کراچی کے سیکریٹری محمد اجمل ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد بروہی ،صدر کورنگی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن رائو رفاقت اور دیگر بھی موجود تھے۔ جاری کردہ :۔ میڈیا سیکریٹری