ماضی کی تلخیوں کے باوجود اپوزیشن کو تنگ نہیں کیا ، وزیراعلی سندھ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی(جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کا کہنا ہے کہ ماضی کی تلخیوں کے باوجود اپوزیشن کو تنگ نہیں کیا جبکہ قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن نہیں ہیں لیکن دشمنی پر مبنی اپوزیشن کی سیاست بھی نہیں کرسکتے۔ سندھ اسمبلی میں بجٹ پر تقریر کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ 1979 کا بلدیاتی نظام آئین کے آرٹیکل 140 اے کے مطابق نہیں۔

اس شق کے تحت نظام میں بلدیاتی ادارے ہیں مقامی حکومتیں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی اسلحہ کے خلاف بے رحمانہ آپریشن اورلائسنس یافتہ اسلحے کی چھان بین کی جائے۔ چاہے اس کی ابتدا کراچی سے ہو ایم کیوایم کو کوئی اعتراض نہیں۔ اِس موقع پر قائد ایوان سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی کی تلخیوں کے باوجود اپوزیشن کو تنگ نہیں کیا۔

چیف جسٹس بتائیں کس جج کو خطرہ ہے، بلٹ پروف گاڑی دیں گے۔ایسے آلات نہیں ہیں جن سے پتا لگایا جاسکے کہ بم کہاں چھپا یا گیا ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم اور اے این پی کو بھی ہے اسکا سد باب ہوگا۔

شرط یہ ہے کہ پورا ہاوس ساتھ دے۔ وزیر اعلی سندھ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ہڑتالوں کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست کی ،وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ امن وامان کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائیں گے۔