گھوٹکی (جیوڈیسک) چار دن قبل گھوٹکی سے اغوا ہونے والے میٹرک کے دو طالب علموں کو پولیس بازیاب کرانے میں ناکام، طالب علموں کی بازیابی کے لیئے مقامی اسکول کے سیکڑوں طالب علموں نے پریس کلب تک مارچ کر کہ دہرنادیا۔
چار دن قبل نامعلوم ملزمان نے گھوٹکی سے اپنے گھر قادر پور جانے والے میٹرک کے دو طالب علموں نشال کمار اور ہریش کمار کو اغوا کرلیا تھا جن کو تاحال گھوٹکی پولیس بازیاب نہیں کراسکی ہے۔
اغوا ہونے والے طالب علموں کی عدم بازیابی کے خلاف مقامی اسکول کے سینکڑوں طالب علموں نے اسکول کی پرنسپال مینا کماری کی سربراہی میں پریس کلب تک مارچ کیا جس کے بعد سخت گرمی اور دہوپ میں دو گھنٹوں تک دہرنا دیکر اپنے ہم اسکول طالب علموں کو فوری بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا۔
ادہر شہری اتحاد کے رہنماؤں الہوسایوگھوٹو، محمد ملوک بھٹو کی سربراہی میں مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ دوسری جانب طالب علموں کی عدم بازیابی کی وجہ سے متاثرہ گھروں میں بے چینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ منتخب نمائندوں سمیت پولیس و ضلعی انتظامیہ کا کوئی عملدار ہمدردی کے لیئے متاثرہ خاندان کے پاس نہیں پہنچے ہیں۔