کراچی : انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین نورانی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں نوجوان نسل کی آبیاری اور کردار سازی کے لئے ادارے بنائے جاتے ہیں، سالانہ بجٹ ایک بڑا حصہ نوجوانوں کی اصلاح اور صحت بخش سرگرمیوں کے لئے خرچ کیا جا تا ہے، مگر پاکستان میں نوجوانوں کی بربادی کے لئے سامان فراہم کیا جاتا ہے، جس میں سب سے بڑا کردار خود حکومت اور اس کے اداروں کا ہے۔
صائبر کرائم کے بل میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا ہوا کہ اگر کوئی نوجوان لڑکا یا لڑکی کسی فحش سائٹ کو چلاتے ہوئے پکڑی گئی تو اسے اتنی سزا یا اتنا جرمانا ہوگا، معاشرہ جس پستی کی جانب رواں دواں اس کے لئے مسلسل احیائے دین اور احیائے کردار کی ضرورت ہے، انجمن طلبہ اسلام معاشرے میںاس احیاء کے لئے سرگرم عمل ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں عشق پاکستان کانفرنسز سے طلبہ میں بہترین فکر اور کردار و گفتار کی بے مثال باتیں ان میں منتقل ہونگی، کراچی ڈویژن کے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین نورانی نے کہا کہ پاکستان کی فکری، نظریاتی، جغرافیائی، آئینی اور و قانونی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ایمانی قوت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جس قوم اثاثہ تزکیہ نفس تھا اس قوم کی ذہبی سطح کو فحاشی، عریانی اور بے حیائی کے ذریعے زمین بوس کردیا گیا ہے۔
سلطان صلاح الدین ایوبی نے کہا تھا کہ اگر مسلم قوت اور غیرت ایمانی کو ختم کرنا ہے تو انہیں فحاشی و عریانی میں مبتلہ کردیا جائے، اور ایسا ہی ہورہا ہے، کیوں اندرا گاندھی نے بھی کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کو فتح کرلیا ہے، کیوں ہم نے پاکستا ن کے معاشرے کو مادر پدر آزادی اور بے غیرتی کے گڑھے میں دھکیل دیا ہے، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ناظم سیف الاسلام نے کہا کہ آج کی نواجوان نسل ہندوستانی فلموں سے زندگی سمجھ رہی ہے جب کہ قرآن و سنت سے دوری نے ان کی زندگی کو ناکامی والی زندگی بنا دیا ہے،بھارت کے جواب کے لئے یہی کافی تھا کہ تمام بھارتی چینل اور پروگرامات پر تا حیات پابندی لگادی جاتی، اس پابندی سے ملک بھر کے نوجوان طلبہ و طالبات فحاشی، عریانی ، بے حیائی اور ننے معاشرے کی برائیوں سے بچ جاتے اور بھارت کی میڈیا وار شکست فاش سے دوچار ہوجاتی ، مگر ایسا نہیں ہو رہا ہے۔
کیوں کہ حکومت کبھی بھی بھارت کے خلاف کسی سخت اقدام کے لیے تیار نہیں ہوگی، مذاکرات کے نام پر کشمیری خون کا سودا کیا جا رہا ہے اور بہت سستی قیمت میں کیا جا رہا ہے، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ، بابر مصطفائی نے کہا کہ غوثیہ ریسرچ سینٹر میں عشق پاکستان بروز اتوار منعقد کی جائے گی، جس میں شہر بھر سے طلبہ شرکت کرینگے، عشق پاکستان کانفرنس نئی تاریخ رقم کریگی،شہر بھر کے طلبہ کے دلوں میں عشق و محبت کی داستان اور قربانیوں سے حاصل کی گئی محبت یعنی تحریک پاکستان اور آزادی پاکستان کے حوالے سے تربیتی کافرنس طلبہ کے دلوں میں پاکستان کے حصول کی جدوجہد کا ترو تازہ کریگی اور انہیں یہ بتائے گی کہ تکمیل پاکستان کشمیر اور فلسطین کی آزادی تک ادھوری ہے، اس موقع کراچی ڈویژن کی کابینہ کے دیگر ذمہ داران نے بھی اثہار خیال کیا۔