فیصل آباد (جیوڈیسک) جی ایچ کیو حملہ کیس کے مجرم عقیل عرف ڈاکٹر عثمان اور پرویز مشرف حملہ کیس کے ارشد مہربان کو سنٹرل جیل فیصل آباد میں پھانسی دینے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، دونوں مجرموں کی آخری ملاقاتیں بھی کروا دی گئیں۔
سنٹرل جیل فیصل آباد کے حکام کے مطابق پھانسی گھاٹ نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردوں کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل نہیں کیا جائیگا اور خصوصی متبادل انتظامات کر لئے گئے ہیں۔
عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کو 10 اکتوبر 2009ء کو جی ایچ کیو پر حملے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور ملٹری کورٹ نے سزئے موت سنا رکھی ہے جبکہ ارشد مہربان کو انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت سے پرویز مشرف پر بم حملہ کرنے کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی تھی اور اب رحم کی اپیلیں مسترد ہونے کے بعد جیل حکام کو دونوں قیدیوں کے بلیک وارنٹ موصول ہو چکے ہیں، کل صبح دونوں قیدیوں کو سنٹرل جیل فیصل آباد میں پھانسی دیئے جانے کا امکان ہے۔
سنٹرل جیل کے لئے سیکورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور ایک سو پولیس اہلکار ایس پی کی سربراہی میں جیل کے باہر موجود ہوں گے جبکہ جیل کی اندرونی سیکورٹی رینجرز کے سپرد کی گئی ہے۔