اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد موسم اور بھی زیادہ ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آزاد کشمیر کی زیریں وادیاں برسات سے اوربھی نکھر گئی ہیں جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے شہروں میں سردی بڑھ گئی ہے ۔گلگت بلتستان میں اسکردو، غذر ،ہنزہ نگر میں خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔
مالاکنڈ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہنے کی وجہ سے سردی میں شدت آگئی ہے۔ بلوچستان میں بھی آہستہ آہستہ سردی بڑھ رہی ہے، پنجاب کے مختلف شہر وں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ موٹر وے حکام نے ڈرائیورز کو رفتار آہستہ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سندھ کے بیشتر مقامات میں سردی کچھ کم ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔