گلگت (جیوڈیسک) گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع کو پیٹرول فراہم کرنے والے ڈپو میں پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہوگیا۔ اسلام آباد سے پیٹرول نہ آنے کے باعث ہنزہ نگر ، غذر اور دیگر اضلاع میں بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ ضلع ہنزہ نگر اور ضلع غذر کے سو فیصد پیٹرول پمپوں پر پٹرول دستیاب نہیں ہے۔ باقی اضلاع میں صرف بیس فیصد پمپوں پر پیٹرول مل رہا ہے۔
گلگت بلتستان میں پی ایس او کے پیٹرول پمپ کی تعداد 27 اور نجی پیٹرول پمپ کی تعداد33 ہے۔ پی ایس او کے چند پمپوں پر پیٹرول دستیاب ہے تاہم باقی پمپ پیٹرول نہ ہونے کے باعث بند کر دئے گئے ہیں۔ پیٹرول کی عدم دستیابی کے باعث پورے گلگت بلتستان میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جگلوٹ ڈپو کے انچارج عبیداللہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد سے ایک لاکھ لیٹر پیٹرول گلگت بلتستان کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے جو کل تک جگلوٹ پہنچ جائے گا۔