گلگت بلتستان (اصل میڈیا ڈیسک) گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ حفیظ الرحمان الیکشن ہار گئے۔
گلگت بلتستان کے انتخابات میں نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک موصول ہونے والے نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے جب کہ پیپلزپارٹی دوسرے اور (ن) لیگ تیسرے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ آزاد امیدواروں کا بھی پلڑا بھاری ہے اور 7 آزاد امیدوار انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔
گلگت بلتستان کے انتخابات میں بڑے بڑے نام شکست کھاگئے ہیں جن میں دو سابق وزرائے اعلیٰ مہدی شاہ اور حافظ حفیظ الرحمان شامل ہیں۔
حافظ حفیظ الرحمان جی بی اے 2 گلگت 2 سے (ن) لیگ کے امیدوار تھے اور اس حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللہ خان 6696 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں اور پی پی کے جمیل احمد 2 ووٹوں کے فرق سے 6694 ووٹ لے کر انتخاب ہارے جب کہ حافظ حفیظ الرحمان تیسرے نمبر پر رہے اور انہوں نے 3965 ووٹ لیے۔
اس سے قبل پیپلزپارٹی کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ مہدی شاہ کو جی بی اے 7 اسکرودو ون سے پی ٹی آئی امیدوار محمد ذکریا نے شکست دی۔
محمد ذکریا کو 5288 ووٹ ملے اور مہدی شاہ 4140 ووٹ لے سکے۔