اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ برف باری کے بعد راستے بند ہونے سے علاقے میں ادویات اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ملک میں سردی کی شدت برقرار ہے۔
برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ سردی میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے۔ کئی روز سے بند رابطہ سڑکیں اب تک نہیں کھولی جاسکی ہیں۔
دوسری طرف برف باری سے راستے بند ہونے سے ضلع استور کے علاقوں منی مرگ اور قمری کے مکینوں کے لئے ادویات اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔
سندھ، پنجاب، بلوچستان کے تمام میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بتدریج کم ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی بھی توقع ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ سردی پارا چنار میں ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔