اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں ان دنوں سردی زروں پر ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ،کوئٹہ ڈویژن ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ملک میں کہیں برفباری تو کہیں بارش ہے،یخ بستہ ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کردیا ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں ،استور،غذر سمیت دیگرشہروں میں وقفے وقفے سے بارش برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔دیامر کے بالائی پہاڑی علاقوں بابو سرٹاپ اور بٹوگاہ ٹاپ،نیاٹ ویلی اور نانگا پربت پر برفباری سے سردی اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔ضلع غذر میں گزشتہ رات سے برفباری جاری ہےاور اب تک دیڑھ فٹ کے قریب برف پڑچکی ہے۔ جس کے باعث بالائی علاقوں سےزمینی رابطہ منقطع ہوگیا ۔
ادھر استور میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔دوسری جانب چمن سمیت شمالی بلوچستان میں مطلع ابرالود ہو گیا ہےمختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ ہی موسم مزید سرد ہو گیا۔ سندھ اور پنجاب کے شہروں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔