دیامر (جیوڈیسک) دہشت گردوں نے اس بار ملکی سیاحت کو نشانہ بنایا ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقے فیری میڈوز میں نوغیر ملکی سیاحوں سمیت گیارہ افراد کو قتل کر دیا گیا۔ سیاحوں کا تعلق یوکرائن، روس اور چین سے تھا ان کی لاشیں خصوصی طیارے کے ذریعے گلگت سے اسلام آباد منتقل کر دی گئیں۔ پریوں کے مرغزار فیری میڈوز میں دہشت گردوں نے چوٹی نانگا پربت کو سر کرنے کی خواہش دل میں لیے غیر ملکی سیاحوں کو قتل کر دیا۔
چین، یوکرائن اور روس سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا قافلہ نانگا پربت کے بیس کیمپ بونر نالا میں رات گزار رہا تھا۔ رات 11 سے 12 کے درمیان نامعلوم دہشت گردوں نے کیمپ پر فائرنگ کردی جس سے9 غیر ملکی اور 2 پاکستانی سیاح ہلاک ہوگئے۔ پولیس نیعلاقے کو گھیرے میں لے لیا تاحال اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی گلگت بلتستان ہنگامی طور پر گلگت پہنچ گئے۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سید مہدی شاہ نے واقعے کو ملک میں جاری دہشت گردی کی کڑی قرار دیا۔ تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی گلگت بلتستان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔